حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، عراق کے سیکورٹی انفارمیشن سینٹر نے صحرائے الانبار میں ایک خصوصی آپریشن کے دوران داعش کے اہم عناصر سمیت 14 دہشت گردوں کی ہلاکت کا اعلان کیا ہے۔
اس مرکز کے بیان کے مطابق دو ماہ تک جمع کی گئی اطلاعات کی بنیاد پر عراقی انٹیلی جنس ایجنسی نے صحرائے الانبار میں داعش دہشت گرد گروہ کے اہم رہنماؤں کے ٹھکانوں خاص طور پر الحزیمی نامی علاقے کی الغدف وادی کے مشرق میں چار ٹھکانوں کا پتہ لگایا۔
اس بیان کے مطابق عراقی انٹیلی جنس کی جانب سے گذشتہ جمعرات کی صبح چار بجے مشترکہ آپریشن کمانڈ نے دہشت گردوں کے چھپنے کی جگہ کی نشاندہی کی اور اس کے بعد جنگی طیاروں نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، اور اس کے بعد ہیلی برن آپریشن بین الاقوامی اتحاد کے تعاون اور انٹیلی جنس اور تکنیکی کوآرڈینیشن سے کیا گیا، اس دوران فضائی حملے میں بچ جانے والے اور فرار ہونے کی کوشش کرنے والے باقی ماندہ عناصر کو ہلاک کر دیا گیا، ان حملوں کے نتیجے میں 14 دہشت گرد مارے گئے ، ان میں سے کچھ نے خودکش بیلٹ پہن رکھی تھی۔
عراقی سیکورٹی انفارمیشن سینٹر نے مزید کہا: سیکورٹی انفارمیشن کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں داعش دہشت گرد گروہ کے اہم اور پہلے درجے کے رہنما بھی شامل ہیں، نیز اس آپریشن میں تمام چھپنے کی جگہیں اور اس میں موجود اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد کو تباہ کردیا گیا اور کچھ اہم دستاویزات عراقی فورسز کے ہاتھ لگ گئیں۔
اس بیان کے مطابق دہشت گردوں کے ناموں اور تصاویر کے ساتھ مزید تفصیلات کا اعلان ڈی این اے ٹیسٹ کی تکمیل کے بعد کیا جائے گا۔